وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مسلسل غیر انسانی فوجی محاصرے کو تین سال ہو چکے ہیں، بھارت چوتھے جنیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی کر رہا ہے۔
بھارت کی آبادکاری کی استعماری سوچ کا محرک کشمیریوں کے علیحدہ تشخص کو ختم کرنے کی ہوس ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے ۔ بھارت ایک بار پھر ایک جارح اور غاصب کے طور پر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا ، ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی تحریکِ حقِ خود ارادیت کو دبانا مودی حکومت کے بس کی بات نہیں، بلاول بھٹو
ڈیرہ غازی خان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں موجود شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج 5 اگست ہے جو ہمیں بھارتی یکطرفہ غیرقانونی اقدام کی یاد دلاتا ہے، بھارت میں مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور ظلم کا بازار گرم کیا ہوا ہے، کشمیری بزرگوں ، بھائیوں، ماوں اور بیٹیوں کے حقوق کو پامال کردیا، مودی سرکار نے انسانی حقوق کی بے تحاشہ پامالی کی، پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام آج کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مودی سرکار کے غاصبانہ قبضے کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، میں اور عوام کشمیریوں سے بھر تعاون کا یقین دلاتے ہیں، ایک دن کشمیر ضرور بھارتی چنگل سے آزاد ہوگا۔
پانچ اگست کا دن کشمیر کی تاریخ میں سیاہ دن کہلاتا ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پرتبدیل کرنے کے 3 برس مکمل ہوگئے، وادی میں آج یوم سیاہ اور ہڑتال کی جائے گی۔