پی ٹی آئی سے 2013 کے بعد کے فنڈز کا بھی حساب لیا جائے، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے 2013 کے بعد کی فنڈنگ کا بھی حساب لیا جائے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک ملزم نہیں بلکہ اب مجرم بھی قرار دیا جا رہا ہے اور ثابت ہوچکا ہے کہ تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد صادق اور امین نہیں رہے کیونکہ عمران خان نے 5 سال تک الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹ بولا اور عمران خان کا بیانیہ ہر دن تبدیل ہوتا رہا ہے۔ عمران خان پاکستان کی تاریخ کا ایک نااہل حکمران ثابت ہوا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں جھوٹے سرٹیفکیٹ اور حلف نامہ جمع کیا گیا اب ممنوعہ فنڈنگ کیس عمران خان کے خلاف فرد جرم ہے اور اب آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عملی طور پر پاکستان کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے۔ جس نے اسرائیل اور ہندوستان سے فنڈنگ لی ہے اور ان کی فنڈنگ سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کا ارادہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان منافقت کی سیاست کے چیمپئن ہیں، ہر معاملے میں یوٹرن لیتے ہیں، عطا تارڑ

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ 16 بینک اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے گئے اور یہ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آ گیا ہے۔ عمران خان نے متعدد غیرملکی کمپنیوں اور غیرملکی شہریوں سے فنڈنگ لی۔

انہوں ںے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے۔ یہ 2013 تک کے اکاؤنٹس کا حساب کتاب ہے اور پی ٹی آئی سے 2013 کے بعد کی فنڈنگ کا بھی حساب لیا جائے۔ عمران خان نے 351 غیرملکی کمپنیوں سے فنڈز لیے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ حکومت فوری طور پران کے خلاف کارروائی کرے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔ جن کے نام پر اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں ان کو بھی گرفتار کر کے تحقیقات کی جائیں جبکہ ڈاکٹر عارف علوی کو فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دینا چاہئے۔


متعلقہ خبریں