وفاق نے بلوچستان کو نظر انداز کیا، عبدالقدوس بزنجو


کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم نے کم وقت کے دوران صوبے  میں بہت کچھ  کیا، جو وعدے کیے تھے، پورے کر دیے ہیں لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سے ہی فلاحی اداروں کے ساتھ  تعاون اور اُن کی تعریف کی ہے، ایدھی، چھیپا، خدمت خلق فاونڈیشن  اور دیگر فلاحی ادارے بہتر کام کر رہے  ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  قومی اسمبلی میں زیادہ نمائندگی ہوتی تو حقوق کیلے مؤثر آواز اٹھا سکتے تھے، امید ہے نئی وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ  ہو گی۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ ہم نے کینسر اسپتال اور کینسر کے مریضوں کے علاج کا بجٹ رکھا ہے، تمام  خرچ حکومت بلوچستان برداشت کرے گی جبکہ بلوچ  طلبا کو وظائف بھی دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 25 فیصد بجٹ تعلیم کیلے رکھ کر ہم نے تاریخ رقم کردی ہے، این ایف سی ایوارڈ نہ ہونے کی وجہ سے بجٹ بنانے میں مشکلات رہیں اور اسی وجہ سے 88 ارب روپے کے بجٹ میں 61 ارب روپے خسارہ  ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے صحافیوں کو خوشخبری دی کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کی وطن واپسی پر میڈیا ہاؤسنگ اسکیم کا وعدہ بھی نبھائیں گے۔


متعلقہ خبریں