بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 149 ہوگئی.
بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث مزید 13 افراد حادثات کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے۔ صوبے میں سیلاب اور بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 149 تک جا پہنچی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے اعدادو شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 61 مرد ،63 خواتین اور 52 بچے شامل ہیں۔ مختلف حادثات میں 74 افراد زخمی بھی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے 85 افراد جاں بحق،4لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ زیر آب
سیلاب اور بارشوں کے باعث 13 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ بارشوں سے 670 کلو میٹر پر مشتمل 6 شاہراہیں متاثر ہوئیں اور16 پل ٹوٹ گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 23 ہزار 13 مویشی سیلابی ریلوں کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔ مجموعی طور پر 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز کو بھی نقصان پہنچا۔