اسلام آبا د: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے درخواست دائر کر دی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ کی شق 94 میں کی گئی ترمیم کو غیر آئینی قرار دیا جائے.
حکومت کو اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے، بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے بنیادی حق سے محروم کرنا خلاف آئین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی 33 ارب ڈالرز سے زائد رقم پاکستان بھیجتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد 90 لاکھ سے زائد ہے، سابقہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے اقدامات کیے تھے، جبکہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو بنیادی حق سے محروم کر رہی ہے۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف بھی آنا چاہتے تھے، عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف اپیل دائر کردی۔
پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے نامز امیدوار ہیں، کل نہیں تو پرسوں پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ عہدے کا حلف اٹھائیں گے، بیرون ملک پاکستانیوں کا ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا ، تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے، جہاں عمران خان ہوں گے ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔
اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر شیخ رشید نے لکھا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی قیامت کو جنم دے رہا ہے، 226 کا ڈالرہونے کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ ابھی بھی بیل آئوٹ معاہدہ طے نہیں پایا۔
قہقہے لگانے والے یاد رکھیں عنقریب ان کی چیخیں آسمانوں تک جائیں گی، لوگوں کے ہاتھ ہوں گے اور ان کا گریبان ہو گا، وقت کا انتظار کریں۔
شیخ رشید نے ٹوئٹ کی کہ اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں، پھر بھی کوئی حکومت نہیں کرپائے گا، اوورسیز ووٹوں کیلئے ابھی سپریم کورٹ جارہا ہوں، شام کو لاہور جائوں گا۔
سیاسی عدم استحکام معاشی قیامت کو جنم دے رہا ہے۔ 226کے ڈالر کے ہونے کے باوجود،IMF کے ساتھ ابھی بھی بیل آؤٹ معاہدہ طے نہیں پایا۔اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں۔پھر کوئی بھی حکومت نہیں کر پائے گا۔اوورسیز ووٹوں کے لیے ابھی سپریم کورٹ جارہا ہوں،شام کو لاہور جاؤں گا
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 20, 2022