وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کان کھول کر سن لو، الیکشن تب ہو گا جب موجودہ حکومت اور الیکشن کمیشن چاہیں گے۔
پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن تب ہو سکتے تھے جب عمران خان اقتدار میں تھے تو اس وقت آپ اپنی حکومت بچانے کے لیے منتیں کرتے رہے۔
وفاقی وزیر نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے چور دروازے سے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی کوشش کی جس طرح وہ جاوید اقبال سے کرتے تھے اور ڈی جی ایف آئی اے سے کرتے تھے، جب چیف الیکشن کمشنر نے ملنے سے انکار کیا تو پھر یہ ان کے خلاف ہو گئے۔
الیکشن کمشن سے کہا کہ وہ عمران خان کے الزامات کے جواب میں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے اور جلد فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار اور افراتفری چاہتے ہیں اور اداروں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، عمران خان نے اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر معاشی لینڈ مائنز بچھائیں، اداروں کو مفلوج کیا، اداروں کو کمزور کیا، اداروں کو استعمال کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔
عمران خان چاہتے تھے کہ وہ تمام 20 سیٹیں جیت جائیں، ایسا نہیں ہوا تو وہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہو گئے، تحریک عدم اعمتاد کا مقابلہ کرنے کے بجائے بھی عمران خان آئین پر حملہ آور ہوئے۔