سعودی عرب اور امریکہ مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطے کے خواہاں


امریکی صدر جوبائیڈن کی سعودی شاہ سلمان اورولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔

امریکی صدر کی سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے۔

سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان 18 نئے معاہدے ہوئے ہیں جن کا تعلق سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور سیکیورٹی سے لے کر خلائی دنیا کے راز کھولنے تک کے معاملات شامل ہیں۔

اعلامیے میں سعودی عرب کے ویژن 2030 کے پروگرام کو بھی سراہا گیا ہے۔ اعلامیے میں دونوں ممالک نے فلسطین، شام، لبنان اور افغانستان سمیت مختلف عرب اور اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت کی۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے امریکی صدر کے دورے کو کامیاب قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آٹھ دہائیوں سے دونوں ممالک اتحادی اور شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مفادات داؤ پر لگے ہیں اور ان کو زبردست چیلنجز کا بھی سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک اکٹھے کام کر رہے ہیں۔

صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا مشرق وسطیٰ کا یہ پہلا دورہ ہے ۔سعودی عرب پہنچنے سے قبل انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا۔

امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے۔ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔


متعلقہ خبریں