پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر بڑے عرصے بعد چین کی نیند سوئی، مریم نواز


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر بڑے عرصے بعد چین کی نیند سوئی ہوں۔

لاہور میں ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور نواز شریف کا تھا،ہے اور رہے گا، 17جولائی کو مخالفین کو یہاں سے مایوس لوٹنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال سے لاہور یتیم تھا اور لاوارث بھی، لاہوراب دوبارہ ان لوگوں کے پاس آگیا ہے جو دن رات ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اتنے جلسے کئے کیا کسی میں عثمان بزدار کو دیکھا، وہ کیسے آتا اس نے کوئی کام کیا ہو تو نظر آئے۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے دن رات ایک کر کے پنجاب کو سجایا، پچھلے چار سال میں لاہور میں مہینہ مہینہ کسی نے سڑک صاف نہیں کی، اس بار حمزہ شہباز نے 24 گھنٹے میں پورے پنجاب کی سڑکیں صاف کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود سب سے بڑاکٹھ پتلی تھا، اس نے پنجاب میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بزدار کو رکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شیر اور بلے کی جنگ نہیں،یہ لاہور کی ترقی کی جنگ ہے، یہ میٹرو بس کو جنگلا بس کہتا تھا پھر وہی جنگلا بس پشاور میں بھی بنائی،اس کو پتہ چلا کہ شہباز شریف پیٹرول کی قیمت کم کرے گا توکہتا ہے قیمتیں کم کرو،

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو دو ہفتے بعد پھر قیمتیں کم کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ وعدہ کرو17جولائی کو کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا،جب تک آپ کی زندگیوں میں بہار نہیں لے کرآئے گی سکون سے نہیں بیٹھوں گی۔


متعلقہ خبریں