اسلام آباد میں بارش، کورنگ نالہ بپھر گیا، پھنسے ہوئے بچوں کو ریسکیو کر لیا گیا


اسلام آباد میں بنی گالہ کی حدود میں نالہ کورنگ بپھر گیا، 4 بچے پانی میں پھنس گئے۔ جنہیں باحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ بچوں کو پاکستان نیوی اور اسلام آباد انتظامیہ کی ٹیموں نے پانی سے نکال لیا ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ لوگ ندی نالوں کے پاس جانے سے گریز کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نالہ کورنگ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلعی انتظامیہ اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور ریسکیو کو سراہا، کہا اداروں نے عمدہ مثال قائم کی، سیلابی ریلے میں ریسکیو نے جانفشانی، چابکدستی ، مہارت اور دلیری کا مظاہرہ کیا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ والدین بچوں کی حفاظت کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیوٹیمیں اسلام آباد ٹیم کی مثال کی تقلید کریں، ہم اسی طرح جانشانی سے کام کریں گے تو مشکلات کے ریلوں سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، سیلابی صورتحال میں قومی اور انسانی ہمدردی کے جذبے کے ساتھ اہل وطن کی مدد کریں۔


متعلقہ خبریں