سندھ: بلدیاتی انتخابات کے دوران تصادم، ملوث افراد کے خلاف فوری ایکشن کا حکم


 سندھ  کے  بلدیاتی انتخابات کے دوران تصادم اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات پر چیف الیکشن کمشنر  نے فوری ایکشن کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ  نے بلدیاتی انتخابات کے دوران قانون کی خلاف ورزی  کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن کا حکم دے دیا۔

انہوں نے  ہدایت کی ہے کہ تصادم، لڑائی جھگڑوں اور پولنگ میں مداخلت  کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولنگ میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی انتخابات پر تحفظات،چیف الیکشن کمشنر کی ایم کیو ایم وفد کو ملاقات کی دعوت

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چند پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کے تصادم پر فوری کارروائی کی گئی۔لڑائی جھگڑے والے پولنگ اسٹیشنز پر بر وقت کارروائی  کے بعد پولنگ جاری ہے۔

ان کا ہنا ہے کہ پولنگ مٹیریل اور پولنگ سٹاف تمام پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔عوام بے خوف و خطر اپنے حق رائے کا استعمال کریں۔افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔کسی بھی قسم کی شکایت اور تصدیق کے لئے کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا  ہے کہ سندھ بلدیاتی انتخابات کی تمام نگرانی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کر رہے ہیں۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان مرکزی کنٹرول روم سے نگرانی کر رہے ہیں۔سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال کراچی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ مختلف اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر رہے ہیں۔پاک آرمی، رینجرز اور پولیس سیکیورٹی کے فرائض ادا کر رہے ہیں۔چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی انتخابات: سندھ کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی، متعدد افراد زخمی

واضح رہے کہ لاڑکانہ ، سکھر ، نوابشاہ اور میر پور خاص سمیت سندھ کے چودہ اضلاع میں ز بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کے دوران کئی مقامات پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

کندھ کوٹ میں دو گروپ آپس میں لڑ پڑے۔ مسلح افراد نے پولنگ عملے کو یرغمال بناکر اغواکرلیا۔ گھوٹکی ، ٹھل اور کشمور میں بھی جھگڑے ہوئے۔


متعلقہ خبریں