مجھے نکال کر پاکستان کی ترقی روکی گئی، نواز شریف


اٹک: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے نکال کر پاکستان کی ترقی کو روکا گیا، جن لوگوں نے بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی ان سے کوئی نہیں پوچھتا۔

اٹک میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے موٹرویزبنائیں، بجلی لایا، کراچی میں امن و امان قائم کیا  اور ملک بھر سے دہشتگردی ختم کی، 2013 میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، آج وہ لوڈ شیڈنگ کہاں چلی گئی، ہم بجلی لائے بھی ہیں اور بجلی کو سستا بھی کریں گے۔

انہوں نے سوال کیا کہ مجھے ہائی جیکر بنایا گیا، 14 ماہ اٹک قلعے میں قید رکھا گیا، کیا ایک  وزیراعظم سے یہ سلوک کیا جاتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ نواز شریف کو تاحیات نااہل کریں گے تو یہ زیرو ہو جائے گا، اسے وزارت عظمیٰ سے نکالیں گے تو ختم ہو جائے گا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ تم  نےخیبرپختونخوا کے لوگوں کو دھوکا دیا، ظلم اورزیادتی کی، اب تمہارا پول کھل گیا ہے، خیبرپختونخوا یہاں سے کتنا دور ہے، نیا خیبرپختونخوا بنانے سے پہلے ذرا اٹک تو آ کر دیکھ  لو۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج بھی مجھ پرکرپشن کا کوئی الزام نہیں، بس یہ الزام ہے کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی،  انہوں نے ورکرز سے عہد لیا کہ ملک میں ووٹ کو بے وقارنہیں ہونے دیں گے۔


متعلقہ خبریں