لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت گوادر کے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گزشتہ پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ کو ترقی دینے کے نام پر اربوں روپے اور وقت کا ضیاع کیا گیا اور پی ٹی آئی حکومت گوادر کے لوگوں کو ریلیف کی فراہمی میں ناکام ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کے لیے کوئی بھی پانی اور بجلی کا منصوبہ مکمل نہیں کیا جا سکا جبکہ گوادر بندرگاہ اور ایئر پورٹ کا یہی حال ہے کہ کوئی بڑا کارگو جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق تجاویز پیش کر دیں
شہباز شریف نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی، ایئر پورٹ کی فوری تکمیل اور صاف پانی کے لیے پلانٹ لگانے کا حکم دیا ہے، پاکستان کی ترقی بلوچستان کے امن و استحکام سے جڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا مقصد بلوچستان کی ترقی ہے اور یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ملک کی ترقی بلوچستان کے امن و استحکام سے منسلک ہے۔ وفاق بلوچستان حکومت اور مقامی عمائدین کے تعاون سےلائحہ عمل کے تعین کے لیے پر عزم ہے۔