راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یہ کیسز ختم کروائیں گے اور گھر چلے جائیں گے لیکن جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بیساکھیوں کا سہارا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی خیرات پر کیسے چلے گی یہ حکومت۔ عمران خان گھر میں بیٹھ جائے تو یہ 11 جماعتیں ایک مہینے بھی اکٹھی نہیں چل سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان پر حکومت عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچ سکتی اور اب ملک وہاں پر پہنچ گیا ہے جہاں سیاسی پارٹیوں کے چلانے کا بس نہیں ہے۔ یہ نیب، اے این ایف اور ایف آئی اے میں اپنے افسر لگائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک ریاض کی جانب سے عمران خان کا پیغام آصف زرداری کو پہنچانے کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آگئی
شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ کیسز ختم کروائیں گے اور گھر چلے جائیں گے اور جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے۔ لوگوں کے گھروں میں صرف بھوک ان کا انتظار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں زور لگالیں لیکن دنیا کی کوئی طاقت ان کو گھر جانے سے نہیں روک سکتی کیونکہ ان میں تباہ حال معیشت کو بچانے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ آج بھی یہ مال بنانے، کیس بچانے اور گھر جانے کے لیے آئے ہیں۔