وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم


وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ شیریں مزاری بطور خاتون قابل احترام ہیں،ان کی رہائی کا حکم دیدیا ہے، کسی بھی خاتون کی گرفتاری معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی۔

ان کا کہنا تھا کہ شریں مزاری کو گرفتار کرنے والے اینٹی کرپشن عملے کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ تحقیقات اور تفتیش کیلئے گرفتاری ناگزیر ہو تو قانون اپنا راستہ خود بنالے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری گرفتار

حمزہ شہباز نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے عمل سے اتفاق نہیں کرتا،مسلم لیگ(ن)بحیثیت سیاسی جماعت خواتین کے احترام پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کیخلاف نا مناسب بات کی گئی جو قابل مذمت ہے،پولیس کو شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کی تحویل سے چھڑوا کر رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو آج ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا ان کے خلاف ڈی جی خان میں پرانا مقدمہ درج ہے۔


متعلقہ خبریں