اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف آج احتجاج کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہماری سینئر لیڈر شیریں مزاری کو ان کے گھر کے باہر سےاٹھایا گیا ہے وہ بہت مضبوط اور نڈر رہنما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت فاشزم کے ذریعے ہمیں جھکانا چاہتی ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ ہماری تحریک مکمل طور پر پرامن ہے اور ہم آج اس واقعے کے خلاف احتجاج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری گرفتار
عمران خان نے کہا کہ کل کور کمیٹی اجلاس کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو آج ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا ان کے خلاف ڈی جی خان میں پرانا مقدمہ درج ہے۔