آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں رہا تو معیشت متاثر ہو گی، وزیر داخلہ


لاہور: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں رہا تو معیشت متاثر ہو گی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مریم نواز کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور ہمارا معاشرہ اس طرح کی زبان کو قبول نہیں کرتا۔ ہماری خواتین اپنے گھر کی عزت ہمیشہ برقرار رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا فیصلہ ہے کہ حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ اتحادیوں کو سرپرائز نہیں دیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ جاری نہیں رہتا تو ملکی معیشت متاثر ہو گی۔

اس سے قبل انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں نہیں پتا تھا عمران خان کو نکالنےکے بعد ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاروں اطراف سے بریکٹ کیا جا رہا ہے۔ اگر آئی ایم ایف ہمارا ہاتھ نہیں پکڑتا تو پھر ملک وہ سنبھالیں جو حالات کے ذمہ دار ہیں۔پٹرول کی قیمت آئی ایم ایف کے مطابق بڑھانے سے بھی صورتحال نہیں سنبھلتی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معیشت کا بھٹہ ہم نے نہیں بٹھایا تو ذمہ داری کیوں لیں۔ اگر آئی ایم ایف ہمارے ساتھ ہوتا ہے تو ملک سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔ مہنگائی کے جن کو بھی قابو کرلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف نے بریت کی درخواست دائر کر دی

وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ اداروں سے اپنے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے مدد چاہتے ہیں۔اس وقت ہمیں نہیں ملک کو ادارے کی مدد کی ضرورت ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کا احترام کرتےہیں مگر اس طرح حکومت نہیں چلتی۔ اس قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کردیاگیاہے۔جب تک ادارے اور سیاسی جماعتیں ملکر کوشش نہیں کرتے بحرانوں سے نہیں نکل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں عمران خان کی ڈیڈلائن کی کوئی اہمیت نہیں۔جو ماحول اس  شخص نے پیدا کیا ہے اس میں الیکشن میں نہیں جاسکتے۔الیکشن میں لوگ آمنے سامنے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں