پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزارت خارجہ میں چینی باشندوں کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے حملوں میں چینی باشندوں کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان کو دہشتگردی کے واقعے میں چینی شہریوں کی اموات پر دکھ ہے۔ ہم کراچی میں دہشت گردی کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ لازوال ہے جو کبھی کمزور نہیں ہو گا اور ہمیں چینی باشندوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ہے۔ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں، انجنیئرز اور اساتذہ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جلسے نہ کرنے دیےتو لانگ مارچ کا اعلان ہوسکتا ہے، شیخ رشید

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چینی باشندوں کو نشانہ بنانا پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ پاک چین دوستی ریاست اور عوام کی سطح پر ہے جبکہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچوں کے حقوق کو بہانہ بنا کر کراچی میں دہشت گردی کی گئی۔ ہماری ثقافت میں مہمان نوازی کو دنیا جانتی ہے لیکن مذہب کا استعمال کر کے ہمارے شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ہم پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس معاملے کو یوں دیکھیں جیسے اپنے بہن بھائیوں پر حملہ ہوا ہے اور ہمیں یقین دلانا ہے کہ ان خاندانوں کو انصاف ملے، ایسے حملے برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ماضی میں دہشتگردی کا مقابلہ کیا بالکل اسی طرح ان دہشتگردوں کا بھی مقابلہ کریں گے اور جو مزید ایسی کارروائیوں کا سوچ رہے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں