دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صنعت کے پہیے کو سست کرنے والی رکاوٹوں کو دور کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ روز صدر دھماکے میں ایک شخص شہید اور 9 افراد زخمی ہوئے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ہم نے کراچی میں تلخ حالات دیکھے ہیں۔ وہ انسان نہیں جو اساتذہ اور نوجوانوں کو قتل کرے اس کا کیا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو چھپنے نہیں دیں گے اور انہیں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔  دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پوری نام نہاد حکومت لندن میں بیٹھی ہے، فواد چودھری

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2004 میں کے سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے تجارتی میلہ سراج تیلی کا شاندار اقدام تھا۔ کراچی ایک اہم اقتصادی مرکز کے طور پر اپنی اہمیت رکھتا ہے اور میری حکومت مینوفیکچرنگ کی لاگت کو کم کر رہی ہے جبکہ صنعت کے پہیے کو سست کرنے والی رکاوٹوں کو دور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور اس طرح کی نمائشیں ملک کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ تجارتی روابط سے لے کر اقتصادی سرگرمیوں کو جنم دینے تک کئی فوائد فراہم کرتی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی ملک کی صنعتی اور تجارتی ترقی کو ظاہر کرنے میں چیمبرز کا کردار بلاشبہ بہت اہم ہے اور کے سی سی آئی نے اپنا کردار بہت متحرک اور مؤثر طریقے سے ادا کیا ہے۔ چیئرمین زبیر موتی والا، صدر محمد ادریس سمیت دیگر اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔


متعلقہ خبریں