بلاول بھٹو کی کرنل سہیل عابد شہید کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت


کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں دہشتگردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے کرنل سہیل عابد کی رہائش گاہ پر شہید کے والد اور بچوں سے اظہار تعزیت کیا اور ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ جب کوئی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہوتا ہے تو مجھے بھی درد ہوتا ہے مگر یہ بات باعث حوصلہ دیتی  ہے کہ دھرتی ماں کے بیٹے اپنی جان قربان کر کے اس کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے شہید کرنل کی بہادری پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بچوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ میری ماں نے بھی دہشت گردوں اور دھرتی ماں کے دشمنوں سے مزاحمت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی ماں پر فخر ہے۔ آپ کو بھی اپنے شہیداور بہادر والد پر فخر ہونا چاہیے، آپ کے والد  قوم کے ہیرو ہیں، آنے والی نسلیں بھی آپ کے والد کی بہادری اور وطن سے وفاداری پر فخر کریں گی۔

چند روز پہلے بلوچستان کے علاقے کلی الماس میں آپریشن کے دوران ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل سہیل عابد شہید جبکہ چار جوان زخمی ہوئے تھے،  بعد ازاں  ہیڈ کانسٹبیل ثنا اللہ  بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔  آپریشن میں لشکر جھنگوی بلوچستان کے سربراہ سلمان بدینی سمیت تین دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں