شریف اور زرداری خاندان اپنے کیسز ختم کر کےخود کو این آر او ٹو دیں گے، عمران خان


 چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شریف اور زرداری خاندان کے خلاف وائٹ پیپر پیش کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ خود کو این آر او ٹو دیں گے۔ انہوں نے اپنے کیسز ختم کرنے پر کام شروع کر دیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے پریس کانفر نس میں کہاہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں2،2بار کرپشن پر نکالی گئیں۔پتہ چلنا چاہیے کہ مشرف کے این آر او سے ملک کو کتنا نقصان ہوا۔ان کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک خسارے میں گیا۔اب یہ این آر او ٹو کرنے جارہے ہیں ۔ یہ خود کو این آر او ٹو دیں گے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے کیسز کا سارا ریکارڈ خود لے لیا ہے۔خدشہ ہے کہ یہ ریکارڈ غائب کیا جائے گا۔ان کے اوپر 4نیب کیسز ہیں۔والد وزیر اعظم ضمانت پر ہے بیٹا وزیر اعلیٰ وہ بھی ضمانت پر ہے۔ہمارے دور میں نیب آزاد ادارہ تھا وہاں یہ کیسز چل رہے تھے۔

ان کا  کہنا ہے کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں ان کے خلاف کرپشن کیسز دائر نہیں کیے۔شہبازشریف کیخلاف ایف آئی اے نے صرف مقصودچپڑاسی والا کیس درج کیا۔شریف خاندان مجھے دھمکیاں دیتا تھا کہ ہماری حکومت بھی آئے گی۔ایف آئی اے کا کیسز بہت زیادہ طاقتور  ہیں ۔عدالت نے ان کو سیسلین مافیا کا خطاب دیا۔

انہوں نے کہاہے کہ نواز شریف کو سزا ہو چکی ہے۔سزا سے بچنے کے لیے ملک سے باہر بھاگے ہیں۔حسن نواز ان کے دور میں بیرون ملک فرار ہوئے ہیں۔جب ان سے سوال ہوا تو انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔ملک کا 3 بار وزیر اعظم رہنے والے کے بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستانی نہیں ہیں۔

انہوں  نے کہاہے کہ پانامہ پیپرز میں انکشافات کے علاوہ بھی  ان کی چھپی پراپرٹیز ہیں۔40سے 45ارب کے 16 کیسز ہیں جن کا فیصلہ ہوچکا ہے۔یہ وہ خاندان ہے جس نے ملک کو 30سال لوٹا ہے۔ان کے خلاف16ارب روپے کے ایف آئی اے میں کیسز ہیں ۔انہوں نے اپنے نوکروں کے ناموں پر پیسہ لیا۔مقصود چپڑاسی کے نام پر اربوں روپے بیرون ملک بھیجا۔انہوں نے اس کیس کے افسران کے تبادلے کردئیے گئے ہیں۔پراسیکیوٹر کو عدالت جانے سے منع کردیا۔

انہوں نے کہاہے کہ میرے توشہ خانہ کیسز پر بڑا شور شرابہ مچایا جا رہا ہے۔ ان کے دورمیں تحفے کی رقم کا 15فیصد توشہ خانہ کو جاتا تھا۔ہمارے دور میں توشہ خانہ کو 50فیصد جاتا تھا۔

ان  کا کہنا  ہے کہ مدینہ میں جب واقعہ ہوا اس پر ہمارا شب دعا کی تقریب چل رہی تھی۔جب شب دعا سے فارغ ہوئے تو مدینے کے واقعے کا علم ہوا۔شیخ رشید کے بھتیجے کی گرفتاری سے شرمناک واقعہ اور نہیں ہوسکتا۔انتقامی کارروائی شریفوں کی ڈی این اے میں شامل ہے۔عدالتوں کا بھی ابھی امتحان ہے۔عدالتیں آزاد ہیں،ہمارے دور میں کوئی ایک جھوٹا کیس دکھائیں ۔انہوں نے آتے ہی جھوٹے کیسز ڈالنے شروع کردئیے ہیں۔اس واقعے کی ایف آئی آر کیسے رجسٹر ہوئی مجھے یہ بھی سمجھ نہیں آرہی۔

ان کا کہنا ہے کہ بشری بیگم بہت کم لوگوں سے ملتی ہے فرح کا یہ قصور ہے کہ بشری بیگم ان سے ملتی تھی۔ فرح پر بھی مجھ سے انتقام لینے کا کیسز ڈالا گیا۔میں چاہتا ہوں کہ اس کیس کی پوری سماعت کی جائے ۔بشریٰ بیگم کی دوست ہونے کے ناطے ان پر الزام لگایا ہے۔فرح خان بالکل بے قصور ہے اس کے خلاف الزام ہے۔رئیل اسٹیٹ سے پیسے کمانا کوئی غیر قانونی نہیں ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ آئین  کے مطابق  الیکشن کمیشن  90روز میں الیکشن کروائے۔اگر یہ 90روز میں الیکشن نہیں کراسکتے تو ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے۔موجودہ الیکشن کمشنر پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سازش اور ان لوگوں کے مسلط کرنے پر قوم رنجیدہ ہے۔سازش بہت بڑے پیمانے پر ہوئی ہے۔22کروڑ عوام کے خلاف سازش کی گئی ہے۔منتخب وزیر اعظم کو بیرونی سازش اور اندر کے لوگوں کے ذریعے نکالاگیا۔کرپٹ لوگوں کو اوپر لایا گیا اس کے خلاف لوگ نکلیں گے۔

انہوں نے کہاہے کہ مئی کے آخر میں سب دیکھیں گے کہ لوگ کیسے نکلیں گے۔ اسلام آباد میں پاکستان کی سب سے بڑی مومنٹ ہوگی۔ میں آج کال دوں توسارے  لوگ نکل آئے گے۔

 


متعلقہ خبریں