“سالانہ 1600 ارب کہاں سے لاؤ گے بھائی؟”

عمران خان کے پلان سے مجموعی خسارہ 8.9 فیصد ہو جائے گا، مفتاح اسماعیل


اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پلان پر پانچ سال میں آٹھ  ٹریلین روپے لاگت آئے گی، مجموعی خسارہ چار سے بڑھ کر 8.9 فیصد تک پہنچ جائے گا لہٰذا عمران خان سے  پوچھیں سالانہ 1600 ارب کہاں سے لاؤ گے بھائی؟

اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے100 دن کے پلان کا حساب لگایا ہے، عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں موقع  دو، چار سیاحتی مقامات ڈھونڈھیں گے، پاکستان کے  چار سیاحتی مقام  تو ہم ابھی بتا سکتے ہیں۔

وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے دستخطوں سے واٹر پالیسی جاری کی گئی، یہ صرف ٹی وی پر آ کر واٹر پالیسی سمجھائیں، ہم مان جائیں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ہارون اختر کا کہنا تھا کہ لوٹی دولت واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنانے کا کہا گیا ہے، آج تک دنیا بھر میں کوئی ٹاسک فورس ڈنڈے سے پیسے نہیں لا سکی، جو قانونی طریقہ ہے ہم نے وہ اختیار کیا اور ممالک  سے معاہدے کیے۔  تحریک انصاف کی بنائی ہوئی ٹاسک فورس صرف کاغذات میں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیوروکریٹس کا احتساب پہلے سے جاری ہے۔ احتساب پر احتساب ہو گا تو بیوروکریٹس کام کرنا بند کر دیں گے۔

ہمایوں اختر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا زراعت کو فروغ دینے کا ویژن اچھا ہے لیکن اس کے لیے باقاعدہ طریقہ کار ہونا چاہیے۔

وزیر مملکت برائے وفاقی نظام تعلیم بلیغ الرحمان کا کہنا تھا  کہ  پرائمری  تعلیم مکمل  کرنے کی شرح میں 17 فیصد اضافہ ہوا، پنجاب میں 22 فی صد اور خیبر پختونخوا میں 12 فی صد طلبہ رجسٹر کیے گئے۔  پرائمری انرولمنٹ میں 20 لاکھ 72 ہزار طلبہ رجسٹر کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک لاکھ بچوں کوسالانہ ووکیشنل تربیت  دے رہے ہیں، نہ صرف پیشہ ورانہ  تعلیم کی پہلی  پالیسی بنائی گئی بلکہ  پیشہ ورانہ تعلیم میں پہلی نیشنل اسکلز ٹیکنالوجی دی۔ طلبہ میں سالانہ ایک لاکھ  لیپ  ٹاپ  تقسیم  کیے جبکہ خیبر پختونخوا میں تعلیم مکمل کرنے کی  شرح چار فیصد بڑھی۔


متعلقہ خبریں