چودھری سرور نے حکومتی راز کھولنے کی دھمکی دے دی


لاہور: سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ میرے خلاف سازشوں سے باز نہیں آئے تو سارے راز کھول دوں گا۔

سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کبھی عہدوں کی خواہش نہیں رہی ہے اور ہمارا خواب تھا کہ پی ٹی آئی عوام اور قانون کی حکمرانی قائم کرے جس کے لیے ہم نے عمران خان کو جتوانے کے لیے بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 9 اراکین صوبائی اسمبلی والے شخص سے بلیک میل ہوئے۔ میں شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور جہانگیر ترین وزیراعلیٰ کے امیدوار تھے جبکہ میرے پاس استعفیٰ آتا تو منظور کرتا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑائی گلی محلے تک پہنچ چکی ہے، شیخ رشید

چودھری سرور نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا صرف عثمان بزدار ہی نیا پاکستان بنا سکتا ہے۔ ایک طرف عمران خان اور دوسری طرف پوری پی ٹی آئی کھڑی تھی جبکہ پرویز خٹک میرے پاس کاغذ کا ٹکڑا لائے کہا دستخط کریں تو میں نے کہا برطانوی پارلیمان کا رکن رہا ہوں غیر آئینی کام نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے دوستوں سے کہتا تھا میں نے صبر کرنا ہے اور میں نے صبر کیا۔ میرے اوپر الزام لگایا گیا کہ میں نے پنجاب اسمبلی اجلاس بلانے میں تاخیر کی۔ حالانکہ مجھے وزیر اعظم نے کہا کہ اسمبلی اجلاس 3 اپریل کے بعد ہی ہونا چاہیے۔ میں نے اپنے ضمیر کے خلاف دستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیں: چودھری سرور برطرف، عمر سرفراز چیمہ نئے گورنر پنجاب

سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ انہوں نے رات کے اندھیرے میں مجھے ہٹایا۔ انہوں نے مجھے گالیاں دیں تو اینٹ کا جواب پتھر سے دوں گا اور اگر یہ باز نہ آئے تو میرے سینے میں جو راز ہیں وہ سارے کھول دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ رات کو مجھے کہا گیا پرویز الہٰی ہار رہا ہے اسمبلی اجلاس ملتوی کر دیں تو میں نے کہا میں آئینی سربراہ ہوں غیر آئینی کام نہیں کروں گا۔


متعلقہ خبریں