تحریک عدم اعتماد:ووٹنگ تین اپریل، عالمی سازش ناکام ہو گی، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے اور ان کے خلاف ہونے والی عالمی سازش ناکام ہو گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کانفرنس سے جے یو آئی دھرنے تک وزارت داخلہ مصروف رہی۔ ایف سی، آزاد کشمیر اور دیگر پولیس اہلکاروں کو واپس بھیج دیا گیا ہے تاہم گزشتہ دنوں وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں ق لیگ نے بہترین کردار ادا کیا اور چودھری شجاعت کا فیصلہ آیا جو برقرار رہے گا۔ سیاست میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن یہ بات طے ہے قوم عمران خان کےساتھ ہیں اور ہم سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام کنٹینرز ہٹا دیئے گئے ہیں اور راستے صاف ہیں۔ ایک کارروائی میں دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جو ناپاک عزائم رکھتے تھے اور ان کے ساتھ 2 خودکش حملہ آور بھی تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدریوں کے کہنے پر پنجاب میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، رانا ثناء اللہ

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاست دانوں پر جو بین الاقوامی سرمایہ کاری ہوئی وہ ناکام ہوں گے۔ فارن فنڈنگ اور فارن انویسٹمنٹ ہے ہم آخری اوور تک کھیلیں گے۔ میں انتخابات کا حامی ہوں اورعمران خان اچھا بجٹ دیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا فیصلہ اچھا ہو گا جبکہ راولپنڈی میں ذمہ دار لوگ ہیں جو ملکی حالات سے واقف ہیں۔ راولپنڈی والوں نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا تو خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی رضا مندی سے تمام معاملات طے ہوئے ہیں۔ تاریخ میں راولپنڈی واحد شہر ہے جہاں 5 یونیورسٹیاں ہوں گی۔ مجھے امید ہے ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ ہو گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ جلسہ فضل الرحمان کا تھا باقی سارے اداکار تھے تاہم عمران خان کے خلاف ہونے والی عالمی سازش ناکام ہو گی اور میری دعا ہے کہ اپوزیشن 172 ممبران پورے نہ کر سکے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت کا فیصلہ برقرار رہے گا اور چودھری برادران میں بغاوت کی خبر غلط ہے۔ عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا حتمی فیصلہ 3 اپریل کو ہو گا جو آخری گھنٹے تک جائے گا۔ عالمی طاقتوں کا مال کھانے والوں کو شکست ہو گی۔


متعلقہ خبریں