حکومت نوکری بچانے کیلئے ایک ارب روپے دینے کو تیار ہے، شاہد خاقان عباسی


کراچی: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ملک کا کرپٹ ترین ادارہ ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ناکام ہوچکے ہیں اور نیب چیئرمین کی نوکری کے دن گنے جا چکے ہیں کیونکہ نیب چیئرمین کی ملازمت عمران خان کی وزارت سے منسلک ہے۔ جہاں کرپشن وہاں نیب ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کیوں لگایا جائے بلکہ پنجاب میں گورنر راج کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین کے بیانات سب کے سامنے تھے۔ یہ اسپیکر کو بلا کر اور انہیں دھمکا کر آئین کے خلاف جانے کی باتیں کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر راج کی مخالفت کر دی

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت سے جلد نجات پانے والے ہیں اور حکومت اپنی نوکری بچانے کے لیے ایک ارب روپے دینے کو تیار ہے۔ پی ٹی آئی اراکین نے محسوس کیا کہ عمران خان درست حکومت نہیں چلا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 20 سے زائد اراکین حزب اختلاف کے ساتھ ہیں جن کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ اقتدار چھوڑنے والے پی ٹی آئی اراکین سیاست اور کرسی داؤ پر لگا کر آئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اقتدار چھوڑنے والے پی ٹی آئی اراکین پارٹی کی طرف سے ہر سزا کے لیے تیار ہیں اور اگر کسی ایک رکن نے بھی رقم لی ہو تو وہ سامنے آکر بتا دیں۔ شہباز شریف نے قومی حکومت کی بات الیکشن کے بعد کرنے کی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر جو مرضی کر لیں اور نوشتہ دیوار پڑھ لیں، آئین واضح ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کو قانون کا علم نہیں۔


متعلقہ خبریں