بلاول بھٹو نے عمران خان کو 5 دن کی ڈیڈ لائن دے دی


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو 5 دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چنی گوٹھ میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام موجودہ حکومت کے ساتھ نہیں ہیں جبکہ مزدور اور کسان محنت کر رہے ہیں لیکن انہیں کچھ نہیں مل رہا۔ نوجوان ڈگریاں لے کر گھوم رہے ہیں لیکن انہیں روزگار نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ بجلی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو تو سمجھو وزیر اعظم چور ہے اور چور چور کا الزام لگانے والے خود تاریخی چور نکلے۔ جتنی کرپشن ان 3 سالوں کے دوران ہوئی ماضی میں کبھی نہیں ہوئی۔ یہ بجلی، پانی، گیس، پیٹرول، آٹا، چینی چور ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جیالے ان سے ہر چوری کا حساب لیں گے اور عالمی ادارے کی رپورٹ میں 3 سال کےدوران تاریخی کرپشن کی تصدیق ہوئی۔ عوام ہمارا ساتھ دیں۔ ساہیوال پہنچنے سے پہلے خوشخبری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے کہتے ہیں 5 روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عمران خان اسمبلی توڑو اور ہمارا مقابلہ کرو اور اگر عوام ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی۔

بلاول بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان کو 5 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس 5 روز کی ڈیڈ لائن ہے اور اگر آپ میں ہمت ہے تو اسمبلیاں توڑیں اور انتخابات میں ہمارا مقابلہ کریں۔ اگر آپ مستعفی نہ ہوئے تو ہم عدم اعتماد لائیں گے اور آپ کو ہٹا کر رہیں گے۔

اس سے قبل بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ تین سال گزر گئے کیا تبدیلی پسند آئی ؟ آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا اور آج ہم نااہل وزیر اعظم کو ہٹانے نکلے ہیں۔ ہم پی ٹی آئی ایم ایف کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جب صدر بنے تو اختیارات عوام کو دے دیئے تھے اور پنجاب کو سب سے زیادہ وسائل دیئے گئے تھے لیکن اس ملک کی غریب عوام کے خلاف آج بھی سازش ختم نہیں ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق صدر کے خلاف ریاستی ادارے کو استعمال کیا گیا اور پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے نواز شریف کو لندن میں رکھا اور سوچ لیا کہ اب سلیکٹڈ کو کوئی کچھ نہیں کہے گا لیکن میں نے پہلے دن پارلیمنٹ میں اسے سلیکٹڈ کا لقب دیا اور جیالوں کی ہی کامیابی ہے کہ حزب اختلاف جماعتیں ایک پیچ پر آگئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حق کا راستہ آسان نہیں مشکلات سے بھرپور ہے، وزیر اعظم

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی آپ کی کامیابی ہے جبکہ سب مان گئے ہیں کہ اگر تحریک عدم اعتماد لاتے ہیں جمہوری حملہ کرتے ہیں۔ آج 5 دن ہو گئے لیکن جیالے کسی بات کی پروا کیے بغیر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 3 سال تک یہ ضدی آدمی کہتا رہا پوری دنیا میں مہنگائی ہے لیکن وہ ہمارے مارچ کو دیکھ کر گھبرا گیا اور پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کر دی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت اب بھی ہے اسی لیے عمران خان کو ہٹائے بغیر معاشی مسئلہ حل نہیں ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سب کو چور کہتے ہیں لیکن آپ 3 سال سے وزیر اعظم ہیں تو اب چور کون ہے ؟ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں کون چور نکلا ؟ بجلی، آٹا اور کھاد کا چور کون نکلا ؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تو ملک سے بھاگ جانا ہے لیکن میرا مرنا جینا عوام کے ساتھ ہے۔ میرا آپ سے یہ وعدہ ہے میں قائد عوام اور بی بی شہید کے تمام وعدے پورا کروں گا۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنچاب کو صوبہ بنانا چاہتی ہے اور یہ حکومت نیا سیکرٹریٹ بناتی ہے لیکن ہمیں صوبہ چاہیے۔


متعلقہ خبریں