اقوام متحدہ میں یوکرین پر روسی حملے کے خلاف قرارداد منظور


 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے  یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف قرارداد منظور کر لی۔ پاکستان نے قرارداد پر غیر جانبدار رہتے  ہوئے یوکرین کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے قرارداد میں روس کے یوکرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے یوکرین سے روسی افواج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا  ہے۔

جنرل اسمبلی سیشن میں 193 میں سے 141 رکن ممالک نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے جبکہ 5 ممالک روس، بیلاروس، شمالی کوریا، شام اور ایریٹریا نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

ووٹنگ کے دوران پاکستان سمیت 35ممالک نے غیر حاضر رہتے ہوئے  اس معاملہ پرغیر جانبداری کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب منیر نے روس یوکرین تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس یوکرین تنازع سفارتکاری کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات کی ضرورت ہے۔ امید ہے سفارتکاری فوجی تنازع ٹال سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سب کیلئے یکساں تحفظ کے اصول کو برقرار رکھنا چاہیے۔ان اصولوں کو عالمی سطح پر قبول کیا جانا چاہیے۔

اس ووٹنگ سے قبل اقوام متحدہ میں یوکرین کے سفیر سرجی کسلٹسیا نے کہا کہ روس نے یوکرین سے موجود ہونے کا حق چھین لیا ہے۔

دوسری جانب روسی سفیر ویسیلی نیبنزیا کا کہنا تھا کہ روس مشرقی یوکرین میں علیحدگی پسند تنازع حل کروانا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ 1997 کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی ہنگامی میٹنگ ہے۔


متعلقہ خبریں