پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس، بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز پر مشتمل پینل کمینٹری کی خدمات سر انجام دے گا۔
کمینٹری پینل دونوں ممالک کے مابین 24 سال بعد 4 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز میں کمنٹری کرے گا۔
آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ صرف بینو قادر ٹرافی میں کمنٹری کریں گے۔ یہ ان کا اور مائیکل کیسپرووچ کا پاکستان میں کمنٹری ڈیبیو ہوگا۔
پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
زینب عباس اور سکندر بخت پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گے۔ پرزینٹر نیرولی میڈوز صرف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ایونٹ کی کوریج کے دوران کُل 28 ایچ ڈی کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔ ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی اور ایلٹرا ایج کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ اس سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر لائیو دیکھ سکیں گے۔ سیریز کے تمام میچز آئی سی سی ٹی وی اور درازلائیو اسٹریم ایپ پر بھی نشر کیے جائیں گے۔