تسلیم کرتا ہوں نواز شریف کو لندن جانے دینا غلطی تھی، عمران خان



منڈی بہاؤ الدین: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج تسلیم کرتا ہوں نواز شریف کو لندن جانے دینا غلطی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان نے منڈی بہاؤ الدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کی بات ہوتی تو میں سمجھتا آج جائے گا یا کل لیکن نواز شریف کبھی ایک تو کبھی دوسری بیماری میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج چوروں کا ٹولہ اور ڈاکووں کا گلدستہ کہاں ہے؟ فضل الرحمان کو مولانا نہیں کہوں گا اور آج خیبر پختونخوا اسمبلی بغیر ڈیزل کے چل رہی ہے۔ فضل الرحمان ہر ماہ لوگوں کو جمع کر کے کہتے ہیں کہ حکومت گرا دیں گے اور وہ سب کو ڈرا رہے ہیں کہ اگر آئندہ انتخابات میں بھی گئے تو کیا ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ آج وہ لوگ اکھٹے ہوئے ہیں جو ایک دوسرے کو چور اور ڈاکو کہتے تھے۔ ایک بھگوڑا میاں باہر تو دوسرے چھوٹے میاں کا دل بہت کمزور ہے اور سلمان شہباز پیسے اکھٹے کرنے والا ماہر جو لندن بھاگ گیا جبکہ بھگوڑے میاں کے دونوں بیٹے بھی باہر بھیجے گئے۔

انہوں نے کہا کہ منشی اسحاق ڈار کا کردار بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں جبکہ مقصو د چپڑاسی کو بھی باہر بھجوا دیا گیا۔ انہوں نے جس طرح پرویز مشرف سے این آر او لیا اب یہ مجھ سے بھی توقع کر رہے ہیں  لیکن میں ان کو این آر او نہیں دوں گا اور جب تک زندہ ہوں چوروں کا پیچھا کرتا رہوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی، شہباز شریف

وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک کی عدالتیں آزاد ہیں اور اب چیف جسٹس پر کوئی حملہ نہیں کرتا۔ ماضی میں کوئٹہ بینچ کو خریدا گیا تھا اور مریم صفدر کہتی ہیں میرے پاس ٹیپس ہیں، کیا سیاست دان بھی ٹیپس رکھتے ہیں؟ کیونکہ ٹیپس رکھنے والا کام سیاستدان کا نہیں بلکہ مافیا کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مقصود چپڑاسی معاملے کا خوف ہے اور اگر شہباز شریف بےگناہ ہیں تو تاریخ پر تاریخ کیوں لیتے ہیں۔ شہباز شریف نے میرے خلاف کیس کیا تو میں نے خود کو صادق اور امین ثابت کیا لیکن یہاں تو مریم بی بی اپنے کیس سے ڈر رہی ہیں اور عدالتوں کو بھی ڈرا رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف آپ لوگوں کا جو بھی منصوبہ ہے اس کے لیے میں تیار بیٹھا ہوں اور ملک میں مہنگائی ہے اس بات کو تسلیم کرتا ہوں لیکن صحافی عوام کو بتادیں کہ یہ مہنگائی کیوں ہے؟ پیٹرول ہمیں باہر سے منگوانا پڑتا ہے تاہم لوگوں کو بوجھ سے بچانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں