نواز شریف کا بیان بیوقوفانہ اور احمقانہ ہے، شرجیل میمن


کراچی: سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نواز شریف کا بیان بیوقوفانہ اور احمقانہ ہے۔ اس طرح کے بیانات سے دنیا میں ملک کی تذلیل ہو رہی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست ہوتی رہتی ہے لیکن ملکی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگایا جاتا۔

ہائی کورٹ سے درخواست ضمانت اور نظرثانی کی درخواست مسترد ہونے کے سوال پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس ملک میں دو قانون ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق جو ملزم ٹرائل کورٹ میں مقدمات کا سامنا کر رہا ہو اسے ضمانت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سابق صوبائی وزیراطلاعات  نے درخواست کی کہ اس قانون کو ملک کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی نافذ ہونا چاہیے۔

اس سے قبل شرجیل انعام میمن کے وکیل عامر رضا نقوی نے گواہ زینت جہاں پر اپنی جرح مکمل کی۔

عدالت نے ریفرنس کی مزید کارروائی 26 مئی تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر دیگر ملزمان کے وکلا گواہ کے بیان پر جرح کریں گے۔

شرجیل انعام میمن اور دیگر افراد پر محکمہ اطلاعات سندھ میں پانچ ارب 76 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

ملزمان میں شرجیل انعام میمن، عمر شہزاد، گلزارعلی، ذوالفقارشہوانی، سارنگ لطیف اور سلمان منصور سمیت دیگرکئی افراد شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں