حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، عمران خان


لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک اس لیے نہیں بنا تھا کہ زرداری اور شریف آ جائیں، دونوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔

عمران خان نے لاہور کے رائل پام میں کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران ملک کو بڑے بحران میں چھوڑ کر جارہے ہیں، ملک کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے اور یہ اپنے تین سو ارب روپے بچانے کے لیے نیلسن منڈیلا بنے ہوئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انسان صرف کوشش کرسکتا ہے، ہم اگر واپس اسی مشن کی طرف گئے جس کی وجہ سے پاکستان بنا تھا تو کامیاب ہوں گے، پاکستان کے ہر ادارے میں سفارشی اور نکمے لوگ بٹھائے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان پیچھے رہ گیا ہے،  اس وقت  ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔

عمران خان نے برطانیہ کا حوالہ دیتے ہوئے  کہا کہ اگر برطانیہ میں کسی سیاسی رہنما پر منی لانڈرنگ کا کیس بنے تو طوفان برپا ہو جاتا ہے اور اگر کوئی وہاں یہ کہہ دے کہ مجھے کیوں نکالا  تو عوام اُس کا بُرا حال کر دیتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اُنہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ صرف کینسر اسپتال بنانے کے لیے کھیلا تھا اور جیت کر وطن واپس آئے تھے۔


متعلقہ خبریں