پونے تین کروڑ روپے کے عوض مار خور کا مہنگا ترین شکار


امریکی شہری نے خیبر پختونخواکے ضلع چترال میں پونے 3 کروڑ روپے کی عوض  پاکستان کے قومی جانور مار خور کو شکار کیا۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق لوئر چترال کی تھوشی مارخور کنزروینسی میں امریکی شہری برائن کنسل ہارلن نے مار خور کا شکار کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ  امریکی شہری نے مار خور  کے شکار کی ہٹنگ ٹرافی گزشتہ سال نیلامی میں ایک لاکھ 60 ہزار ڈالرز میں حاصل کی تھی۔جو اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔

شکار کیے گئے مار خور کی عمر نو سال ہے اور سینگوں کا سائز 45 انچ ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ شکاری ٹرافی کے طور پر مارخور کے سینگ اپنے ساتھ لے جائے گا۔

خيبر پختونخوا کے علاقے چترال، کوہستان، گلگت بلتستان ،صوبہ بلوچستان اور کشمیر ميں مارخور کی کئی اقسام پائی جاتی ہيں۔پاکستان میں ٹرافی ہنٹنگ سکیم کے تحت ہر سال مارخور کے شکار کے لیے 12 لائسنسز جاری کیے جاتے ہیں۔

گزشتہ سال بھی ایک امریکی شہری نے مارخور کا شکار کیا تھا۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے مطابق یہ شکار 88 ہزار امریکی ڈالر کے عوض کیا گیا جبکہ 2020 میں بھی ایک شکاری نے نر مارخور کے شکار کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی رقم ادا کی تھی۔

 


متعلقہ خبریں