لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں کامیابی دلانے والے گول کیپر منصور احمد کی یاد میں اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد نے مرحوم گول کیپر منصور احمد کی یاد میں اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی تھی جسے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔
ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں مرحوم گول کیپر کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے کی رقم منظور کرنے کے ساتھ تمام ایتھلیٹس کے لیے ہیلتھ انشورنس کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن منصور احمد طویل علالت کے بعد ہفتہ کو انتقال کر گئے تھے۔ وہ ڈیڑھ برس قبل دل کے عارضے میں مبتلا ہوئے تھے اور کراچی میں واقعہ امراض قلب کے قومی ادارے میں زیر علاج تھے۔