ایمسٹرڈیم: نیدرلینڈ کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون میں لاک ڈاؤن لگانے والا پہلا ملک بن گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیدرلینڈ حکومت نے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے اومیکرون کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگا دیا جو 19 دسمبر سے 14 جنوری تک نافذ رہے گا۔
نیدرلینڈ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے دوران غیر ضروری کاروبار، ہوٹلز، بارز اور عوامی مقامات کو بند رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق کسی بھی گھر میں ایک وقت میں صرف 2 مہمانوں کو داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ کرسمس کے موقع پر 24 سے 26 دسمبر کے درمیان ایک وقت میں 4 مہمان گھر بلانے کی اجازت ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: اوميکرون کے کيسز ہر ڈيڑھ سے3 دن ميں دگنے ہو رہے ہيں،ڈبلیو ایچ او
اعلان کے مطابق اسکول کم سے کم 9 جنوری تک بند رہیں گے۔ نیدرلینڈ کے وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لیے یہ فیصلہ ضروری تھا یہ فیصلہ یورپ میں اومیکرون کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد کیا گیا۔
نیدرلینڈ میں 85 فیصد افراد کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے جبکہ 9 فیصد بوسٹر کی ویکسین بھی لگوا چکے ہیں۔