وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ بے شک دہشتگردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، اسکے پیچھے وہ بزدلانہ سوچ ہوتی ہے جو اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے نہتے کم سن پچوں کو بھی استعمال کرسکتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک سکول پر بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن پوری قوم کو کربناک سانحے کی یاد دلاتا ہے۔ بزدل شرپسند عناصر نے ہمارے مستقبل اورنہتے کمسن بچوں پرحملہ کرکے انہیں شہید کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن آرمی پبلک سکول کے ان بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جو اپنے طالبِ علموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔ اس سانحہ کے بعد بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے۔ پوری قوم متحد ہوئی اور ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو انکے ٹھکانوں میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں آج پوری قوم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا۔ پاکستان قوم کے عزم، حوصلے اور ہمت کو شر پسند عناصر نے جب بھی متزلزل کرنے کی کوشش کی ان کو منہ کی کھانی پڑی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج کے دن مل کر عہد کریں کہ پوری قوم متحد ہو کر فرقہ وارانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں، تفرقہ پھیلانے والوں اور اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے ایسے ہتھکنڈے اپنانے والوں کے خلاف یونہی کھڑی رہے گی اور اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے تدارک میں ریاست کا ساتھ دے گی۔