نیپرا نے بجلی کے بریک ڈاؤن کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا


اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا ) نے ملک میں ایک ماہ کے دوران دو بار بجلی کے بریک ڈاؤن کا نوٹس لے لیا ہے۔

نیپرا نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی ) کو بریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

نیپرا ترجمان کے مطابق ايک ماہ کے دوران ملک بھر میں دو بار بريک ڈاؤن اين ٹی ڈی سی کی غير تسلی بخش کارکردگی کا ثبوت ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ يکم مئی کو 220 کے وی کی ٹرانسميشن لائن ميں خرابی کے باعث چمشہ نيوکليئر پاور پلانٹ کے چاروں يونٹ سسٹم سے آؤٹ ہوگئے تھے۔ 16 مئی کو پنجاب اور خیبرپختونخوا ( کے پی ) ميں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوئی۔ اتنے کم وقت ميں دو بريک ڈاؤن،  سسٹم کے غير تسلی بخش ہونے کا ثبوت ہے۔

16 مئی کو پاکستان میں سب سے بڑے بریک ڈاؤن سے چاروں صوبوں  میں بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی بد ترین لوڈشیڈنگ کی زد میں آیا جس کے باعث ملک کے صنعتی یونٹس میں بھی کام شدید متاثر ہوا۔

بجلی کا بریک ڈاؤن تربیلا اور گڈو پاور پلانٹس میں خرابی کے سبب ہوا تھا جس کے بعد ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار گیارہ ہزار آٹھ سو میگاواٹ رہ گئی تھی۔


متعلقہ خبریں