شہباز شریف اب جیل نہیں جائیں گے، مریم اورنگزیب


 اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف اب جیل نہیں جائیں گے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنی پریس کانفرنس میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور 2018 میں نالائقوں اور اے ٹی ایمز کی حکومت بنی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہباز شریف کو جیل میں ڈالنے کی کوشش کی۔ صاف پانی، گندا نالہ، لاہور اور ملتان میٹرو کے منصوبوں پر الزام لگایا گیا۔ کبھی بولا گیا کہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے اور کبھی ڈیلی میل کے رپورٹر کے ذریعے جھوٹی خبر لگوائی گئی اور اس خبر کی بعد ڈیلی میل نے معافی بھی مانگی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ہر طرح کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی پر انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس بچوں کی فیس کے پیسے نہیں ہیں اور لوگوں کے پاس بلوں کی ادائیگی کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے گوادر کے ماہی گیروں کے مطالبات کا نوٹس لے لیا

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مسلم لیگ ن کے رہنماوں کے خلاف لگایا گیا ہے لیکن شہباز شریف کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کو ثبوت ملے نہ ایف آئی اے کو۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو بلایا گیا آشیانہ کیس میں اور گرفتار صاف پانی پر کیا گیا لیکن شہباز شریف پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ شہباز شریف اب جیل نہیں جائیں گے۔


متعلقہ خبریں