لاہور: فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں اسکول اور صنعتی یونٹس بند کرنے کی تجویز

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا پہلا، کراچی کا نواں نمبر

لاہور میں اسموگ کا راج  برقرار ہے۔  ورلڈ ائیر انڈیکس 397 پوائنٹس کے ساتھ شہر کا آلودگی میں پہلا نمبر ہے۔  راج گڑھ، علامہ اقبال ٹاؤن عمر بلاک اور گلبرگ اسموگ سے زیادہ متاثر ہیں۔

چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے400 ایئر کوالٹی انڈیکس تک کے علاقوں میں سکول بند کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ  کے خلاف اقدامات سے متعلق رپورٹ جمع کروادی۔ رپورٹ میں فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کر نے کی تجویز دی گئی  ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  400 اے کیو آئی تک کے علاقوں میں سکول بند  کیا جائے۔ جن صنعتی علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس 500 تک ہے وہاں صنعتی یونٹس بند کیے جائیں۔

رپورٹ میں  آلودگی اور اسموگ کو کنٹرول کرنے کےلیے اسٹیٹ ایمرجنسی لگانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ غیر معیاری پیٹرول اور آلودگی کنٹرول کرنے کے آلات نہ لگانے والوں کو 50 ہزار کا جرمانہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے اسموگ کو ایک بار پھر آفت قرار دیدیا

چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنچاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 2 ہزار 180 واقعات کا اندراج ہوا۔ایگریکلچر ٹاسک فورس نے صرف 98 کیسسز میں جرمانے عائد کیے ۔

رپورٹ کے مطابق اسموگ کے سیزن میں ماحول دشمن عناصر کو 4 کروڑ 50 لاکھ کے جرمانے کیے جا چکے ہیں۔پنجاب بھر میں آلودگی پھیلانے والی 245 فیکٹریاں سیل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب لاہور کی فضا سے سموگ کے گدلے بادل چھٹ نہ سکے۔  لاہور آج پھر فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ شہر کا ائیر کوالٹی اندیکس چار سو ستائیس تک پہنچ  گیا ہے۔


متعلقہ خبریں