ماسکو: اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ازبکستان نے پاکستان کو پانچ کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی ۔ میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا۔
پاکستان کے شاہین بچوں پر مشتمل ٹیم چاندی کے تمغے کی حقدار قرار پائی۔ پاکستانی شاہین بچوں پر مشتمل ٹیم نے فٹبال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ازبکستان کی ٹیم کو شکست دے کر اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
روس کے دارالحکومت ماسکو میں کھیلے جانے والے فائنل مقابلے میں مقررہ وقت تک میچ برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں انتہائی کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں۔
مقررہ وقت کے خاتمے پر دونوں ٹیموں کو پنالٹی ککس دیے گئے تو پاکستان کے شاہین بچوں نے پانچ گول اسکور کیے، جواب میں ازبکستان کی ٹیم نے چھ گول کرکے ورلڈ فٹبال کپ کا فائنل جیت لیا۔
پاکستان ٹیم کے شاہین بچوں نے اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کی ٹیم کو پچھاڑ کر فائنل میں جگہ بنا ئی تھی۔
ایونٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کی ٹیم کو شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں روس کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔ تیسرے میچ میں تاجکستان کی ٹیم کو دو صفر سےشکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان کی اسٹریٹ چلڈرن پر مشتمل فٹبال ٹیم نے 2014 کے ورلڈ کپ مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
’مستقبل تم سے ہے ‘کی تھیم پر ہونے والے اس ’میلے‘ کا مقصد دنیا بھرمیں بے گھر بچوں کے حقوق کے لیے شعورکو اجاگر کرنا تھا۔
فٹبال کے اس میلے کا انعقاد چندہ اکٹھا کرنے والی غیرسرکاری امدادی تنظیموں نے کیا تھا۔