عمران خان نے آج لالی پاپ پیکج کا اعلان کیا ہے، بلاول بھٹو


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے آج لالی پاپ پیکج کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم کے خطاب پر ردعمل میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے مہنگائی کے خلاف احتجاج نے وزیر اعظم کو خطاب کرنے پر مجبور کیا لیکن عوام 30 فیصد کے ریلیف کا کیا کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے نالائق اور جھوٹے ہیں اور یہ ریلیف کے نام پر تکلیف دیتے ہیں۔ عمران خان آج بھی اپنی ناکامیوں کا ملبہ پچھلی حکومتوں پر ڈال رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو اب لالی پاپ نہیں بلکہ عمران خان سے حساب چاہیے اور عمران خان کے آج کے خطاب کا نتیجہ بھی گزشتہ اعلانات سے مختلف نہیں ہو گا۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان نے آج کسی ریلیف پیکج کا نہیں بلکہ ایک لالی پاپ پیکج کا اعلان کیا ہے اور عمران خان کا ریلیف پیکج عوام کے لیے نہیں بلکہ چند خاندانوں کے لیے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑے گا، وزیراعظم عمران خان

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیموں کا اعلان کرنے والی حکومت کے پاس عوام کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے جبکہ عمران خان جھوٹ بولنے والے اور وعدہ خلافی کرنے والے وزیر اعظم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو بچانا اور معاشی بحران سے نکالنا ہے تو عوام کو جیالوں کی حکومت بنانا ہو گی۔


متعلقہ خبریں