نئی دہلی: بھارتی وزیر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز ہو چکا ہے اور کوالیفائنگ مرحلے کے ساتھ ٹیموں کے پریکٹس میچ بھی جاری ہیں۔ اس دوران بھارت سے پاک بھارت میچ کو منسوخ کرنے کے مطالبات شروع ہو گئے ہیں۔
بھارتی یونین منسٹر گری راج سنگھ کی جانب سے دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یونین منسٹر گری راج سنگھ نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے انعقاد پر دوبارہ غور کیا جائے کیونکہ دونوں ممالک کے تعلقات اچھے نہیں ہیں اور جب تک تعلقات بہتر نہیں ہوتے میچ کے انعقاد پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت بارڈرز پر صورت حال کچھ زیادہ اچھی نہیں اور کافی عرصے سے دونوں جانب تناؤ پایا جاتا ہے ایسی صورتحال میں ہمیں حالات کو مزید کشیدہ ہونے سے بچانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ وارم اپ میچ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو آسانی سے ہرا دیا
دوسری جانب بھارتی پنجاب کے وزیر پرگت سنگھ نے بھی پاک بھارت میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہونے کا سبب بننے والے کسی بھی عمل سے گریز کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ایونٹ کے دوسرے میچ میں 24 اکتوبر کو ہو گا۔