خواتین کبڈی ٹیم چاندی کا تمغہ لیے وطن واپس پہنچ گئی


لاہور: پاکستانی خواتین پر مشتمل کبڈی ٹیم ایشین ویمن کبڈی چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت کر ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔

لاہورایئرپورٹ پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداروں نے پھول نچھاور کر کے خواتین کبڈی ٹیم کا استقبال کیا۔ کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارک باد بھی دی گئی۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ویمن کبڈی ٹیم کی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ میں سلور میڈل جیت کر خوش ہیں لیکن انہیں افسوس ہے کہ وہ فائنل میں بھارت کو شکست نہیں دے پائیں۔ کھلاڑیوں نے شکوہ کیا کہ ٹریننگ سنٹر اور وسائل کی کمی کے باعث خواتین کبڈی کوفروغ نہیں مل رہا۔

خواتین کبڈی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے لیے بہت محنت کی ہے، آئندہ زیادہ محنت کر کے کھیل کو مزید نکھاریں گے۔

کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگرحکومت خواتین کی کبڈی کے لیے فنڈز مختص کرے اور کبڈی ٹریننگ سینٹرز بنائے تواس کھیل کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں