نیشنل ٹی 20 کپ، خیبر پختونخوا کو شکست


نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سدرن پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 11 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا میچ سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان کھیلا گیا۔ خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔

سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

طیب طاہر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے۔ شیروان سراج، 18، سلمان علی آغا 6، اعظم خان 25 اور عامر یامین نے 24 رنز بنائے۔

خیبر پختونخوا کے عمران خان سینئر اور نیاز خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: شعیب ملک کی واپسی ، لالہ خوش

خیبر پختونخوا کی ٹیم اچھا آغاز نہ کر سکی اور پہلے بیٹنگ کے لیے آنے والے کھلاڑی محمد حارث اور عامر عظمت 6، 6 رنز بنا کر ہی واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد کامران غلام نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے جبکہ نبی گل کی 54 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو مشکل سے نہ نکال سکی۔

صاحبزادہ فرحان 3 اور آصف آفریدی بھی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، افتخار احمد نے 21 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نیاز خان 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز ہی بنا سکی۔


متعلقہ خبریں