نوجوت سنگھ سدھو اور پریانکا گاندھی زیر حراست


بھارت میں کسانوں کے پر امن احتجاج میں 8 افراد ہلاک ہونے پر احتجاج شدت اختیار کر گیا،نوجوت سنگھ سدھو، پریانکا گاندھی سمیت متعدد رہنماوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلی کو اتر پردیش میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن رہنما نوجوت سنگھ سدھو، پریانکا گاندھی سمیت متعدد رہنماوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

جبکہ اترپردیش ، پنجاب کے ساتھ بارڈر کو سیل کردیا گیا ہے اور سکھ کسانوں کو اترپردیش میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی لوک سبھا کے رکن اکھلیش یادیو کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، لکھنو میں بھارتی پولیس اور سماج وادی پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوا، سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کسانوں کا احتجاج، وزیر کے بیٹے نے 8 افراد کچل ڈالے

بھارت میں کسانوں پر بی جے پی رہنما کے بیٹے نے گاڑی چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے جن میں 4 کسان بھی شامل ہیں۔

ریاست اتر پردیش میں کسان نائب وزیراعلیٰ اجے مشرا کی آمد پر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے، احتجاج کے دوران اچانک 3 گاڑیاں تیزی سے آئیں اور وہاں موجود کسانوں کو روندتے ہوئے چلی گئیں۔

واقعے کے بعد مشتعل کسانوں نے متعدد سرکاری گاڑیوں کو آگ لگادی۔ کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں نائب وزیر داخلہ کا بیٹا موجود تھا جس نے یہ حرکت جان بوجھ کر کی۔

 


متعلقہ خبریں