نوازشریف کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے آج بھی درخواستیں جمع


جھنگ: سابق وزیراعظم نواز شریف کے متنازعہ بیان کے خلاف پنجاب کے مختلف شہروں کے تھانوں میں مقدمات کے اندراج کے لیے درخواستیں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

جھنگ کے تھانہ سٹی میں شہری رانا جاوید اقبال کی جانب سے نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست دی گئی، درخواست گزار کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے وطن سے غداری کی ہے اس لیے اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

پنجاب کے ہی ایک اور شہر بہاولنگر کے تھانے میں تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری احمد ندیم زمان کی جانب سے نواز شریف کے ممبئی حملوں کے بیان کے خلاف درخواست جمع کرائی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف نے ملکی اداروں اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچایا ہے، نواز شریف کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے۔

نواز شریف کے خلاف گوجرانوالہ، بہاولپور، شکر گڑھ، مظفر گڑھ، گوجر خان اور چنیوٹ کے تھانوں میں بھی درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

بہاولپور میں جمع کرائی گئی درخواست میں مریم نواز کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

اتوار کے روز بھی نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے سرگودھا، ساہیوال اور ظفر وال کے تھانوں میں درخواستیں دی گئی تھیں۔


متعلقہ خبریں