عمر شریف عظیم فنکار، قیمتی اثاثہ تھے، سیاستدان بھی اداس


عظیم کامیڈین عمر شریف کے انتقال پروزرائے اعلیٰ، اپوزیشن لیڈر، وفاقی وزیر اطلاعات، وزیراعظم  کے معاون خصوصی سمیت دیگر سیاستدانوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ عمر شریف بہترین فنکار تھے، ان کی کمی تادیر محسوس کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عمر شریف کی فن مزاح میں خدمات پوری دنیا میں یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ عمر شریف کے انتقال سے ملک بہترین فنکار سے محروم ہوگیا، وہ اسٹیج اداکاری اور طنزو مزاح کے بے تاج بادشاہ تھے۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے عمر شریف کے انتقال پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمرشریف جیسے فن کار صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں،انہوں نے تھیٹر،اسٹیج اور فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ سب کو ہنسانے والا آج سب کو رُلا گیا،عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے ،ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا کو خوش رکھنے والا آج دنیا کواداس کر کے چلاگیا،پاکستان شوبز کا ایک بڑا نام آج گل ہوگیا،عمر شریف کا نام اپنے فن سے ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہےکہ  عمرشریف پاکستان کا اثاثہ تھے انہوں نے ہمیشہ قہقے بکھیرے، ان  کا خلا پر نہیں ہو سکتا، ان کا اسٹیج کی دنیا میں ایک مقام ہے، ان کے انتقال پر ساری قوم افسردہ ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمر شریف کا انتقال برصغیر کے فنون لطیفہ  کیلئے ایک عظیم سانحہ ہے،کئی دہائیوں تک مسکراہٹیں اور خوشیاں بکھیرنے والے لیجنڈ کی کمی شائد کبھی پوری نہ ہوسکے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا،عمر شریف پاکستانی اسٹیج ، فلم اور ٹی وی کا ایک بڑا نام تھا،وہ اچھے فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین انسان بھی تھے۔

مسلم لیگ ق کے رہنماوں چودھری شجاعت حسین،  پرویزالہیٰ ، مونس الٰہی،ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان اور حلیم خان نے بھی عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔

پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہاکہ عمر شریف کے انتقال سے پاکستان ایک بڑے فنکار سے محروم ہوگیا ،عمر شریف کے انتقال کے سوگ میں  ریلی کو منسوخ  کردیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے کہا کہ عمر شریف کو اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا،،انہوں نے شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے، وہ عوام کےدلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

ایم کیو ایم  کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان آج ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو گیا۔

وفاقی وزیر امین الحق کہتے ہیں کہ کروڑوں چہروں پر ہنسی بکَھیرنے والے عمر شریف جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمر شریف نے ہمیشہ مسکراہٹیں بکھیریں،عالمی سطح پر کامیڈی میں پاکستان کا نام روشن کیا۔


متعلقہ خبریں