تخت لاہور اور سلیکٹڈ کا راج نہیں چلے گا، بلاول بھٹو

عمران خان کو معاف نہیں کرینگے، حساب لیں گے، آنیوالی حکومت پیپلزپارٹی کی ہوگی: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تخت لاہور اور سلیکٹڈ کا راج نہیں چلے گا، بنی گالہ سے چیخوں کی آواز آ رہی ہے ۔

لیہ میں خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے۔ ہمارے دوست سیاسی میدان چھوڑ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی۔ اتحادیوں سے کہیں گے کہ عوام میں آئیں اور حقیقی سیاست کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن جمہوریت اور صاف شفاف نظام کا ساتھ دے اور ڈٹا رہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام تاریخی مہنگائی، بےروزگاری کا سامنا کر رہے ہیں،آج چینی ،چاول اور گندم امپورٹ کی جا رہی ہے۔ سازش کے تحت پنجاب کو عوامی حکومت سے محروم رکھا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے لوگوں کو بیروزگار کر دیا،حکومت نے اسٹیل ملز کے 10 ہزار خاندانوں کو بیروزگار کر دیا ہے، عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں ،عمران خان کو گھر بھیج دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر ن لیگ اور مولانا صاحب نہ چاہیں تو کل ہی اس حکومت کو گراسکتے ہیں، اتحادیوں سے بھی کہیں گے کہ عوام میں آئیں اور حقیقی سیاست کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایک بار پھر دھاندلی کرنے کی کوشش کر رہی ہے، الیکشن کمیشن حکومت کے نشانے پر ہے، الیکشن کمیشن کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کےعوام آپ کے ساتھ ہے،  ڈٹے رہیں، جمہوریت اور صاف شفاف نظام کا ساتھ دو۔

بلاول نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جو وزیر الیکشن کمیشن پر حملے کر رہے ہیں ان وزیروں کو نااہل قرار دیا جائے۔


متعلقہ خبریں