اوورسیز پاکستانیوں نےمالی سال 2021-22 کے دوسرے ماہ اگست میں بھی 2 ارب ڈالر سے زائد کی رقوم بھجوائی ہیں۔ دس سال بعد اگست کے مہینے میں سب سے زیادہ ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں۔
پاکستانیوں نے گزشتہ ماہ ریکارڈ 2.66 ارب ڈالرز بھیجے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ مسلسل چھٹا مہینہ ہے جب اوسطا 2.7 ارب ڈالر کے لگ بھگ ترسیلار زر بھجوائی گئی ہیں۔
نمو کے لحاظ سے اگست میں ترسیلات زر میں 26.8 فیصد اضافہ ہوا جو اس ماہ کے لئے ایک دہائی کی بلند شرح نمو ہے۔ تاہم عید کے بعد معمول کی سست روی کی وجہ سے ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر ترسیلات زر کم رہیں۔
مجموعی طور پر پاکستان کو مالی سال 2021-22 کے پہلے دو ماہ کے دوران 5.36 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔
پاکستان کو مالی سال 2020-21کے دوران ریکارڈ 29.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ مالی سال 20-2019 کے دوران اسے 23 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
حکومت کو 2021-22 کے موجودہ مالی سال کے لئے 31 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی توقع ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سے سب سے زیادہ پیسے پاکستان بھجوائے گئے ہیں۔ وہاں مقیم پاکستانیوں نے بالترتیب 694 ملین ڈالر، 512 ملین ڈالر اور 353 ملین ڈالر پاکستان بھیجے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے اگست 2021 میں 279 ملین ڈالر بھیجے تھے۔