لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کو مضبوط کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر شہدائے 6 سمتبر کے ہیروز اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن اللہ تعالی نے ہمیں کئی گنا بڑے دشمن پر فتح عطا فرمائی اور آج قوم اور مسلح افواج کے اتحاد سے تاریخی فتح کا پرمسرت دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے آج دفاع وطن کے عظیم مقصد کے لیے استعمال ہو رہی ہے اور اگر اللہ نے موقع دیا تو مسلح افواج اور دفاع وطن کو مزید طاقتور اور توانا بنائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کو ایٹمی قوت بنا دیا لیکن اب ہمیں معاشی میدان میں پاکستان کو مضبوط بنانا ہو گا اور ملک کی معیشت کو مضبوط کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر چیلنجز سے نمٹنا ہو گا۔ آج ملک میں عوام کو مہنگائی اور بےروزگاری کا سامنا ہے لیکن ہمیں دن رات محنت کر کے ملک کا کھویا ہوا مقام واپس لانا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: کرپٹ نظام سے ملک میں ترقی نہیں ہوتی، وزیر اعظم
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان کو نہ سنبھالا گیا تو یہ حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔
افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان اور پور ے خطے میں امن ہو گا۔