سید علی گیلانی کے لواحقین کیخلاف مقدمہ درج


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے لواحقین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بھارتی پولیس نے سید علی گیلانی کے لواحقین کے خلاف آزادی کے حق میں نعرے لگانے پر مقدمہ درج کیا۔

ذرائع کے مطابق سید علی گیلانی کے اہلخانہ کے خلاف مقدمہ مقبوضہ کشمیر کے بڈگام پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کا انتقال یکم ستمبر کی رات کو ہوا تھا جس کے بعد قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر بھر میں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور سید علی گیلانی کی میت ان کے اہلخانہ سے چھین کر خاموشی سے زبردستی تدفین کرا دی گئی۔

سید علی گیلانی کے اہلخانہ نے مرحوم کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ رکھا تھا۔ سوگواروں نے اس موقع پر “ہم کیا چاہتے آزادی ، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ” کے نعرے لگائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سید علی گیلانی کی میت کیوں چھینی؟ بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

بعد میں بھارتی فوجیوں نے گھر میں گھس کرمیت کو اٹھایا اوررات کے اندھیرے میں قریبی قبرستان میں دفنا دیا۔

یاد رہے کہ سید علی گیلانی نے ہمیشہ پاکستان کے حق میں آواز بلند کی، ان کا نعرہ تھا کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے،سید علی گیلانی  گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔


متعلقہ خبریں