پاکستانی معروف اداکار یاسر حسین نے اپنی نئی فلم ’’جاوید اقبال‘‘ کی پہلی تصویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کر دی ہے۔
اداکار یاسر حسین فلم میں سیریل کلر جاوید اقبال کا کردار نبھارہے ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کا پہلا پوسٹر شیئر کیا اور مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی فلم جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔
https://www.instagram.com/p/CTJk4aeDLNY/?utm_source=ig_web_copy_link
معروف اداکار یاسر حسین نے بتایا کہ یہ فلم لاہور کے بدنام زمانہ سیریل کلر کی زندگی پر بنائی گئی ہے جس نے 1999 میں 100 سے زائد نوجوان لڑکوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
واضح رہے کہ فلم ’’جاوید اقبال؛ دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘‘ میں نامور اداکار یاسر حسین کے علاوہ اداکارہ عائشہ عمر بھی پولیس آفیسر کا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں.
فلم کے مصنف ابو علیحہ ہیں اور ہدایت کاری کے فرائض بھی انہوں نے ہی انجام دئیے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ فلم بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کے گرد گھومتی ہے جس نے 1998 سے 1999 کے دوران لاہور میں 100 سے زائد بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور انہیں قتل کر کے تیزاب میں پھینک دیا تھا۔
ملزم جاوید اقبال کو 16 مارچ 2000 کو عدالت نے 100 بار سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔ ملزم 9 اکتوبر 2001 کو ساتھی سمیت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں مردہ پایا گیا تھا۔۔